محمد عجیب
محمد عجیب نے برطانیہ میں ایک تاریخ رقم کی اور ایک ایسے وقت میں جب ایشیائی افراد کو کم تر اور کند ذہن سمجھا جاتا تھا انھوں نے بریڈفورڈ شہر کے لارڈ مئیر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد عجیب 1957 کو آزاد کشمیر کے ایک چھوٹے سے گائوں چھترو سے برطانیہ کے ایک شہر نوٹنگھم میں آباد ہوئے۔ محمد عجیب کے بقول ان کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے تھا۔ نوٹنگھم میں اس وقت تک تقریبا ایک سو بیس پاکستانی آباد ہو چکے تھے۔ یہاں بھی غربت کا یہ عالم تھا کہ ایک بستر پر تین تین افراد سوتے تھے۔ ابتدائی چھا سال کے دوران انھوں نے ملوں میں مزدوری اور بسوں میں بطور کنڈیکٹر کام کیا۔
سیاسی سفر کا آغاز
[ترمیم]محمد عجیب 1974 تک بریڈفورڈ منتقل ہو چکے تھے، اسی برس انھوں نے سیاسی سفر کا بھی آغاز کیا اور برطانیہ کے لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ 1979 میں بریڈفورڈ شہر کے حلقہ مئننگھم وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئے۔ اس وقت تک یہ دوسرے پاکستانی اور تیسرے ایشیائی کونسلر تھے۔ دیگر دو کونسلروں میں چوہدری حمید کا تعلق پاکستان اور منورحسین نامی کونسلر کا تعلق بنگہ دیش سے تھا۔
دیگرسرکاری عہدوں پر تعیناتی
[ترمیم]محمد عجیب کونسلر منتخب ہونے کے بعد کونسل کے مختلف عہدوں پر فائز رہے جن کے نام درج ذیل ہیں۔
1982-1975 کمیونٹی ریلیشن کے چیئرمین (اس وقت اس عہدہ پر پہلے پاکستانی تھے) شلیٹر نامی ادارے کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ کونسل برائے مساجد کے مین پاور سروسز کمیشن پراجیکٹ منیجرکے طور پر کام کیا۔
1980 میں انھیں بریڈفورڈ ہائوسنگ کمیٹی کا وائس چئیرمین بنادیا گیا۔
1984 لیبر پارٹی بریڈفورڈ کے چئیرمین منتخب ہوئے، اسی سال ان کا نام لارڈ میئر کے لیے تجویز کیا گیا مگر صرف آٹھ یا دس ووٹ حاصل کرسکے۔
برطانیہ کا پہلا سیاہ فام لارڈ مئیر
[ترمیم]1985 میں پارٹی نے دوبارہ ان کا نام لارڈمئیر کے لیے تجویز کیا، اس مرتبہ انھوں نے نصف سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور یوں برطانیہ کی تاریخ میں پہلے سیاہ فام، ایشیائی، مسلمان اور پاکستانی لارڈ مئیر کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی برس محمد عجیب نے بطور لارڈ مئیر پاکستان کا دورہ کیا جہاں صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق اور اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان محمد خان جونیجو سے بھی ملاقات کی۔
لاہور کے شالامار باغ میں انھیں اہلیان لاہور کی جانب سے بہت بڑا استقبالیہ دیا گیا، بی بی سی کی ٹیم نے اس دورے بھرپور کوریج کی اور پاکستانی اخبارات و قومی ٹی وی چینل نے اسے نمایاں کوریج دی۔
دیگر اعزازات
[ترمیم]2000ء میں محمد عجیب نے ملکہ برطانییہ کی جانب سے CBE کمانڈر آف برٹش ایمپائر کا اعزاز حاصل کیا۔
2009ء میں برطانوی دالعوام (ہائوس آف کامنز)میں ان کی سیاسی اور رفاہی خدمات کے صلے میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔