سید علی رضا نقوی
ڈاکٹر سید علی رضا نقوی | |
---|---|
پیدائش | 14 مئی 1937 ء امروہہ، برطانوی ہند |
وفات | 9 دسمبر 2017ء (80 سال) لاہور، پاکستان |
قلمی نام | سید علی رضا نقوی |
پیشہ | ماہرِ تعلیم ، دانشور ، محقق |
زبان | اردو |
نسل | مہاجر قوم |
شہریت | پاکستانی |
تعلیم | پی ایچ ڈی، فارسی |
مادر علمی | تہران یونیورسٹی |
ڈاکٹر سید علی رضا نقوی فارسی زبان و ادب میں پاکستان کا ایک معتبر حوالہ ہیں۔ انھوں نے اپنی زندگی میں بہت سی کتب تصنیف و ترجمہ کی ہیں۔ جن میں سب سے اہم کام فرہنگِ جامع کو مرتب کیا۔ ڈاکٹر علی رضا نقوی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، اسلام آباد میں بھی اسلامک ریسرچ ڈپارٹمنٹ سے وابستہ رہے ہیں۔
حالاتِ زندگی
[ترمیم]سید علی رضا نقوی 14 مئی 1937 میں امروہہ کے مشہور نقوی خانوادے میں پیدا ہوئے ۔[1] اس خاندان میں دانشوروں اور ادیبوں کاایک سلسلہ ہمیشہ دکھائی دیا اور صادقین، رئیس امروہوی ،جون ایلیا، نسیم امروہوی، ڈاکٹر ہلال نقوی وغیرہ سب ہی اسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ سید علی رضا نقوی پاکستان بننے کے بعد اپنے بھائی کے ہمراہ ہجرت کر آئے اور سلسلہِ تعلیم یہاں جاری رکھا۔1955 میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے فارسی کیا۔ اور اس کے بعد تہران یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔1963 میں وہاں سے پی، ایچ، ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے مقالہ کا عنوان تھا تذکرہ نویسی فارسی در ہند و پاکستان۔ ان کی اس کتاب کو 1966 میں حکومتِ ایران نے سال کی بہترین کتاب قرار دیا۔
کیرئیر کا آغاز
[ترمیم]ڈاکٹر علی رضا نقوی نے تقریبادس سال ایران میں گزارے اور پھر 1963 پاکستان واپس آنے کے بعد وہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے منسلک ہو گئے۔ یہاں 1964 سے 1993 تک ایسوسی ایٹ پروفیسر کی خدمات انجام دیں۔ وہ زبان فارسی اور اسلامی فقہ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کی حیثیت سے اپنی خدمات سے سبک دوش ہوئے۔ نیز ریسرچ سکالر کی حیثیت سے بھی فارسی زبان و ادب پر بہت سے تحقیقی کام کیے اور 25 سے زائد کتب لکھیں۔ ڈاکٹر علی رضا نقوی فارسی، عربی اور انگریزی زبان میں مہارت رکھتے تھے لہذا انھوں نے بہت اہم دینی و ادبی خزینوں کے اردو، فارسی اور انگریزی میں تراجم کیے۔[2] انھوں نے صحافت بھی کی اور ابتدائی زندگی میں شاعری بھی کی ۔
فرھنگ جامع کی ترتیب و تدوین
[ترمیم]ڈاکٹر علی رضا نقوی کی مرتب کردہ لغت فرہنگِ جامع جو 1200 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ یہ لغت پچیس سال کی تحقیق و ترتیب سے تکمیل پائی۔ اس میں فارسی الفاظ و تراکیب کا انگریزی اور اردو ترجمہ کئی سال کی محنت اور عرق ریزی کا حاصل ہے۔[3] اس لغت کو بھی حکومتِ ایران کی جانب سے سال 2012 کی بہترین کتاب کا ایوارڈ دیا گیا۔ ڈاکٹر علی رضا نقوی مرکز تحقیقات ایران، اسلام آباد سے بھی وابستہ رہے ہیں اور انھوں نے فارسی زبان و ادب سے متعلقہ بہت سی ملکی اور انٹرنیشنل کانفرنسز اور سیمینارز میں بھی شرکت فرمائی ۔
وفات
[ترمیم]ڈاکٹر علی رضا نقوی کی وفات 9 دسمبر 2017ء کو لاہور میں ہوئی۔